جنوبی یمن کے علیحدگی پسند گروپ نے نئی ریاست کے قیام کیلئے دو سالہ منصوبہ اور آئین کا اعلان کیا۔
یمن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی یمن کے علیحدگی پسند گروپ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) نے جنوبی ریاست کے قیام کے لیے دو سالہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ گروپ نے متنازعہ جنوبی یمن کے لیے نیا آئین اپنانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا اور کہا کہ یہ علیحدگی نہیں بلکہ ریاست کی مکمل خودمختاری کی طرف ایک قدم ہے۔
ایس ٹی سی نے علیحدگی کے حوالے سے ریفرنڈم کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں یمن میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں ایس ٹی سی کے 7 جنگجو جاں بحق ہوئے تھے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایس ٹی سی کے عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ یہ حملے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حضرموت اور المہرہ میں قبضے کے بعد یہ پہلا جانی نقصان ہے۔
حضرموت کے شہر سیئون میں ہوائی اڈے اور فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سعودی حمایت یافتہ گورنر نے ایس ٹی سی کے جنگجوؤں سے علاقے سے نکل جانے کی اپیل کی ہے۔
کچھ روز قبل یمن نے یو اے ای کے ساتھ دفاعی معاہدہ ختم کرتے ہوئے اماراتی فوجیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔












