کیرالہ میں جعلی ڈگریوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا، 11 افراد گرفتار، ایک لاکھ ڈگریاں برآمد۔
کیرالہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی ریاست کیرالہ میں پولیس نے جعلی ڈگریاں تیار کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے، جس کے قبضے سے ایک لاکھ جعلی ڈگریاں برآمد ہوئی ہیں۔ یہ ڈگریاں میڈیسن، نرسنگ، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کی تھیں اور انہیں 75 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا جاتا تھا۔
پولیس نے 11 ملزمان کو حراست میں لیا ہے جنہوں نے اعتراف کیا کہ یہ نیٹ ورک نہ صرف کیرالہ بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی فعال تھا۔ یہ ڈگریاں غیر قانونی طور پر تیار کی جاتی تھیں اور ان پر بعض اوقات یونیورسٹیوں کی سرکاری مہر بھی لگائی جاتی تھی تاکہ تصدیق مشکل ہو جائے۔
بھارت کے وزیر تعلیم نے اس اسکینڈل پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ایسے دھندوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل تصدیق کے نظام کو مؤثر بنانے اور کرپشن کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا۔












