ٹک ٹاکر رجب بٹ پر تشدد کے بعد وکلا کے ساتھ مذاکرات سے پہلے نیا تنازع پیدا ہوگیا، وکلا نے سندھ بار کونسل میں درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)ٹک ٹاکر رجب بٹ پر سٹی کورٹ کے باہر تشدد کے بعد وکلا کے ساتھ مذاکرات سے پہلے ہی نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے سندھ بار کونسل میں ریاض سولنگی اور عبد الفتاح چانڈیو کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے، جبکہ 15 وکلا نے سائلین پر حملوں کے خلاف بھی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
درخواستوں کے مطابق، سٹی کورٹ میں سائلین کے ساتھ مارکٹائی سے وکلا کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے اور سندھ بار کونسل کی خاموشی ادارے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ عدالتی نظام اور بار کی عزت کی بحالی ضروری ہے۔
بیرسٹر میاں علی اشفاق نے کہا کہ رجب بٹ پر تشدد انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے اور ریاض سولنگی و عبدالفتاح چانڈیو نے قانون کے خلاف کام کیا ہے۔ انہوں نے ان کے خلاف کارروائی کی استدعا کی ہے۔
واضح رہے کہ اس واقعے کی بنیاد پر پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا ہے اور مستقل منسوخی کے لیے کیس ڈسپلنری کمیٹی کو بھیجا ہے۔












