پاکستان میں فائیو جی نیلامی اگلے ماہ ہوگی، موبائل اپگریڈیشن پر کام بھی جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شیزا فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ماہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیلامی سات بینڈز پر ہوگی، جن میں سے پانچ بینڈز پہلی بار نیلام کیے جائیں گے جبکہ دو بینڈز پہلے نیلام ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں فائیو جی سپورٹڈ موبائل کی کمی کو پورا کرنے کے لیے موبائل فونز کی اپگریڈیشن پر بھی کام کیا جائے گا۔
شیزا فاطمہ نے مزید کہا کہ فائیو جی آکشن کے چھ ماہ بعد انٹرنیٹ میں واضح بہتری محسوس کی جائے گی۔ یوفون اور ٹیلی نار کے مرجر کے بعد ملک میں تین کمپنیاں رہ گئی ہیں، اور ایم وی این او کی آمد سے مزید کمپنیاں اور سرمایہ کاری متوقع ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پی ٹی اے نے ڈسٹرکٹ لیول پر فائبرائزیشن کی منظوری دے دی ہے، جس سے کیبل آپریٹرز بھی سی ویس لائسنس لے کر انٹرنیٹ فراہم کر سکیں گے۔ پچھلے سالوں میں پاکستان میں تین سب میرین کیبلز لائی گئی ہیں جو انٹرنیٹ کی بہتری کے عزم کا اظہار کرتی ہیں۔















