اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ پر کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش رفت ہوئی ہے، اسحاق ڈار نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں انہیں آؤٹ سورسنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزارتِ دفاع نے اسحاق ڈار کو آؤٹ سورسنگ کے بارے میں آگاہ کیا، جبکہ انہوں نے پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حکومتی پالیسی پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ سے ملک میں اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم، وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری، ایس اے پی ایم طارق بجوا، کابینہ، دفاع اور نجکاری کے وفاقی سیکرٹریز اور مختلف وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔














