وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس منظور کر لیا ہے جس کے تحت وارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے یہ فیصلہ کیا۔
اجلاس میں کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 3 دسمبر کو کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی اور اسلام آباد میں وارڈز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے اور پنجاب طرز کے انتخابات کی قانون سازی کی بھی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس 2025 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔
اجلاس میں آف گرڈ لیوی کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف دینے کے فیصلے اور آف گرڈ لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے صدارتی حکم نامے کی منظوری بھی دی گئی۔














