وفاقی حکومت نے بلوچستان میں آرمی پبلک اسکولز کے بچوں کی محفوظ نقل و حمل کے لیے 38 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے بلوچستان میں اسکول جانے والے بچوں کی محفوظ نقل و حمل کے لیے 38 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق اس منصوبے کے لیے 2.1 ارب روپے کا ضمنی بجٹ منظور کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں لیا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔ اجلاس میں دفاعی ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے ہی ان گاڑیوں کی خریداری کی اجازت دے چکے تھے۔
اعلامیے کے مطابق یہ بلٹ پروف کوسٹرز فوج کے زیر انتظام آرمی پبلک اسکولز کے بچوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوں گی۔ ماضی میں آرمی پبلک اسکول کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، جہاں 2014 میں اے پی ایس پشاور پر حملے میں 144 بچے شہید ہوئے تھے۔
ای سی سی کو بتایا گیا کہ 2.1 ارب روپے کی یہ رقم موجودہ مالی سال کے دفاعی بجٹ کے علاوہ ہو گی۔ قومی اسمبلی پہلے ہی 2.55 کھرب روپے کا دفاعی بجٹ منظور کر چکی ہے، تاہم بعض آپریشنل ضروریات اضافی بجٹ سے پوری کی جاتی ہیں۔















