بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جن میں اہم سرکاری شخصیات بھی شامل تھیں۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جن میں اہم سرکاری شخصیات اور مختلف ممالک کے سفارتی مشن بھی شامل تھے۔ پاکستان کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے شرکت کی۔
بیگم خالدہ ضیا کو شیر بنگلہ نگر میں مرحوم شوہر ضیا الرحمان کے پہلو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین اور عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس بھی جنازے میں شریک ہوئے۔
خالدہ ضیا کی وفات پر بنگلادیش میں تین دن کا سوگ منایا جا رہا ہے اور آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ خالدہ ضیا کل 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، انہیں دل اور جگر کے امراض کا سامنا تھا۔
خالدہ ضیا بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن تھیں اور تین بار وزیر اعظم رہ چکی تھیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ان کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سے ملاقات کی اور تعزیت کی۔













