نادرا نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو جعلسازوں سے خبردار کیا ہے، جو نادرا کی خدمات کا جھانسہ دے کر شہریوں کا ذاتی ڈیٹا حاصل کر رہے ہیں۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو جعلسازوں سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
نادرا نے بتایا ہے کہ بعض افراد خود کو نادرا کے نمائندے ظاہر کر کے شناختی کارڈ اور نائکوپ خدمات کی پیشکش کر رہے ہیں، اور شہریوں سے 300 سے 500 اماراتی درہم وصول کر رہے ہیں۔ اس عمل میں ان کا ذاتی ڈیٹا بھی حاصل کر لیا جاتا ہے، جو غلط استعمال ہو سکتا ہے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی غیر مجاز فرد سے رابطہ نہ کریں اور شکایات نادرا پورٹل پر درج کریں۔ نائکوپ یا دیگر دستاویزات کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا پاکستانی قونصل خانوں سے رابطہ کریں۔
نادرا نے مزید کہا کہ پاکستان کا سفر کرنے والے قریبی نادرا دفتر سے رجوع کریں۔ شہریوں کا ڈیٹا قومی امانت ہے اور اس کے تحفظ کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے۔














