متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے میں اماراتی شہریوں کی کم از کم تنخواہ یکم جنوری 2026 سے 6 ہزار درہم مقرر کر دی۔
ابوظہبی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہریوں کے لیے کم از کم تنخواہ 6 ہزار درہم مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے جو یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوگا۔
وزارت انسانی وسائل نے بتایا کہ یہ نیا قانون ورک پرمٹ کے اجرا، تجدید اور ترمیم کے عمل پر لاگو ہوگا۔ آجر کو اسمارٹ ایپلیکیشن اور سروس چینلز کے ذریعے تنخواہوں میں اضافے کے پیغامات بھیجے جائیں گے۔
وزارت نے خبردار کیا کہ اگر تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو یکم جنوری 2026 کے بعد 6 ہزار درہم سے کم تنخواہ والے ملازمین کے ورک پرمٹ کی درخواستیں جاری نہیں کی جائیں گی۔
مزید برآں، اگر 30 جون 2026 تک تنخواہیں نہ بڑھائی گئیں تو یکم جولائی سے تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پچھلے قوانین کے تحت کم از کم تنخواہ 5 ہزار درہم تھی۔














