وزیراعظم شہباز شریف نے رحیم یار خان میں اماراتی صدر سے ملاقات کی اور باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رحیم یار خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے رحیم یار خان میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراطلاعات عطا تارڑ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق یہ ملاقات شیخ زاید پیلس میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے 26 دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اماراتی صدر سے اقتصادی شراکت داری بڑھانے کا عزم دہرایا اور دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آئی ٹی، توانائی، معدنیات اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے یو اے ای کی ترقی پر صدر شیخ محمد بن زاید کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور وہاں مقیم 21 لاکھ پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر 26 دسمبر کو پاکستان پہنچے تھے اور شکار کے لیے رحیم یار خان میں موجود ہیں۔ 27 دسمبر کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ یو اے ای کے صدر شکار کے لیے رحیم یار خان گئے ہیں۔














