وزیراعظم نے پراپرٹی فائلوں کی خرید و فروخت کی قانونی حیثیت کے جائزے اور فراڈ کی روک تھام کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم نے پراپرٹی فائلوں کی خرید و فروخت کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کا مقصد فراڈ، ٹیکس چوری اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے خدشات کا حل تلاش کرنا ہے۔
کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون و انصاف ہوں گے، جبکہ چیئرمین ایف بی آر، تمام صوبوں کے سینئر ممبرز بورڈ آف ریونیو، نیب کا سینئر نمائندہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کا نمائندہ ممبر ہوں گے۔
کمیٹی کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں فائلوں کی خرید و فروخت کے قانونی اسٹیٹس کا جائزہ لینے اور وفاقی و صوبائی سطح پر محصولاتی اثرات کا تجزیہ کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
کمیٹی کی ذمہ داری میں فراڈ کے شکار فائل ہولڈرز اور خریداروں کے حقوق کا جائزہ لینا بھی شامل ہے، جہاں ڈویلپرز نے جعلی یا دوہری فائلوں کا اجراء کیا ہو۔
کمیٹی متعلقہ قوانین میں ترامیم کی تجاویز دے گی تاکہ پراپرٹی کی فائلوں کو قانونی فریم ورک کے تحت لایا جا سکے اور ٹیکس وصولی کو بہتر بنایا جا سکے۔ کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔














