اداکارہ سونیا حسین کو روس میں پاکستانی فن و ثقافت کے فروغ پر عالمی سطح پر سراہا گیا۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ سونیا حسین کو روس میں عالمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانی فن و ثقافت کو اجاگر کرنے پر عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایوارڈ وصول کرنے کے لمحات کو یادگار بنایا۔ انہوں نے اپنے کیپشن میں علامہ اقبال کی چند سطریں شامل کیں، جو ان کے فخر اور تحریک کی عکاسی کرتی ہیں۔
سونیا حسین نے کہا کہ میں اپنے ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں اور روس میں اعزاز کے لیے سفارت خانے اور حکومت پاکستان کی شکر گزار ہوں۔
اداکارہ نے ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کا تعلق احترام، مکالمے، اور ثقافتی تبادلے پر مبنی ہے۔
یہ پہچان نہ صرف سونیا حسین کی کامیابی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ پاکستانی فنکاروں کے عالمی سطح پر کردار کو بھی نمایاں کرتی ہے۔















