چین نے تائیوان کے گرد فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں، جن کا مقصد بیرونی امداد سے جزیرے کو کاٹنا بتایا گیا ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین نے تائیوان کے اطراف لائیو فائر مشقیں شروع کر دی ہیں، جن میں سمندری اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ایک جہاز کو ہتھیار فائر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مشقوں کا مقصد تائیوان کو بیرونی امداد سے کاٹنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا بتایا جا رہا ہے۔
چینی فوج کے مشرقی تھیٹر کمانڈ کے مطابق ‘جسٹس مشن 2025’ کے نام سے شروع کی گئی ان مشقوں میں فوجی دستے، جنگی بحری جہاز، لڑاکا طیارے اور توپخانہ شامل ہیں۔ مشقوں کے دوران تائیوان کا محاصرہ کرنے، خشکی اور سمندر میں اہداف پر براہ راست فائرنگ اور فرضی حملوں کے ساتھ ساتھ اہم بندرگاہوں کی ناکہ بندی کی مشقیں کی جا رہی ہیں۔
تائیوان کی وزارت دفاع نے بتایا کہ پیر کی صبح مشرقی سمندر میں دو گھنٹے کی ایک اضافی مشق بھی کی گئی، جس کا چین کی جانب سے پیشگی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ تائیوان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق ان مشقوں کے باعث بین الاقوامی مسافر اور اندرونِ ملک پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔
یہ مشقیں امریکا کی جانب سے تائیوان کو 11.1 ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کے اعلان کے بعد شروع کی گئیں، جو تائیوان کے لیے اب تک کا سب سے بڑا دفاعی پیکج ہے۔ چین کی وزارت دفاع نے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ فوج سخت اقدامات کرے گی۔












