سہیل آفریدی نے پنجاب میں پروٹوکول خلاف ورزیوں پر خط میں تحفظات کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر کردار کشی کی مذمت کی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب حکومت کو خط ارسال کرتے ہوئے پنجاب کے دورے کے دوران پروٹوکول کی خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا گیا جو عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب میں سکیورٹی اقدامات غیر ضروری اور حد سے زیادہ تھے جس سے عوامی مقامات کی بندش اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے موٹر وے سروس ایریاز تک رسائی کی عدم فراہمی کو بھی مسئلہ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا کردار خراب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم چلا کر انہیں منشیات سے جوڑنے کی کوشش کی گئی اور یہ مہم ریاستی اداروں سے منسلک اکاؤنٹس سے چلائی گئی۔ سہیل آفریدی نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔














