شفیع جان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پر ن لیگ کا دفتر بنانے کا الزام لگایا ہے، آئین اور جمہوریت کے احترام کا مطالبہ کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو ن لیگ کا ذیلی دفتر بنایا جا رہا ہے۔
شفیع جان کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو ماسی کا گھر کہنے والا خود آئین اور جمہوریت کا احترام بھول گیا ہے، منتخب وزیراعلیٰ کے دورے کو چھلانگیں قرار دینا اسپیکر کی سیاسی گھبراہٹ کی نشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو شریف خاندان کی ذاتی ملازم بننے کے بجائے اسپیکر کا کردار ادا کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کے جعلی کیسز پر بات کرنے سے پہلے شریف خاندان کی تاریخ پر نظر ڈالیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے 9 مئی کا واویلا کر کے ن لیگ کی سیاسی انتقام کو چھپانے کی کوشش کی ہے، آئین کا احترام صرف تقریروں سے نہیں، عمل سے ثابت ہوتا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں منتخب وزیراعلیٰ اور اراکین کو دھکے دینا آئین کی خلاف ورزی ہے، پنجاب حکومت سیکیورٹی کے نام پر سیاسی خوف چھپا رہی ہے۔














