شاہ رخ خان نے اپنے بچوں کو آبائی علاقہ پشاور دکھانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی ہے، یہ کہتے ہوئے کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے آبائی علاقہ پشاور لے جانا چاہتے ہیں۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ان کے خاندان کا تعلق پشاور کے قصہ خوانی بازار سے ہے، جہاں ان کے عزیز اب بھی مقیم ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کی دعوت دے رہی ہیں۔ ویڈیو میں شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے آبائی علاقے کی سیر کرانا چاہتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے یاد دلایا کہ جب وہ 15 سال کے تھے، ان کے والد انہیں پشاور لے گئے تھے اور وہیں ان کے ساتھ بہترین وقت گزارا تھا۔ وہ لاہور اور کراچی بھی جا چکے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ایک دن اپنے بچوں کو بھی وہاں لے جا سکیں گے۔














