شدید دھند سے سیالکوٹ اور لاہور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر

سیالکوٹ اور لاہور ایئرپورٹس پر شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا، 25 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
شدید دھند سے سیالکوٹ اور لاہور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر

سیالکوٹ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔ محمد عمیر خان، ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ نے بتایا ہے کہ پروازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے کم از کم 500 میٹر حد نگاہ درکار ہوتی ہے، جبکہ موجودہ حد نگاہ 100 میٹر تک محدود ہے۔

دھند کی شدت میں کمی کے بعد فضائی آپریشن معمول پر لوٹ آئے گا اور انتظامیہ ایئر لائنز سے مسلسل رابطے میں ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز کی تفصیلات ایئرلائن سے معلوم کریں۔

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔ رن وے پر حد نگاہ 150 میٹر ہونے کی وجہ سے 3 پروازیں اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دھند کے باعث 25 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ جدہ، دبئی اور دمام سے لاہور آنے والی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا جبکہ دوحہ، بحرین، ابوظہبی اور ریاض سے لاہور آنے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دیگر متعلقہ خبریں