افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے افغانستان کے لیے خیرسگالی پر مولانا فضل الرحمان اور مفتی تقی عثمانی کا شکریہ ادا کیا۔

کابل: (رائیٹ ناوٴ نیوز) افغانستان کی عبوری طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کابل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سے تعلق رکھنے والی تنظیموں اور شخصیات کی جانب سے خیرسگالی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی کا ذکر کیا۔
سراج الدین حقانی نے 23 دسمبر کو منعقدہ کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور مفتی تقی عثمانی نے افغانستان کے لیے خیرسگالی کا اظہار کیا، جس پر وہ اور ان کی حکومت شکر گزار ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے بھی مثبت بیانات آئے ہیں۔
افغان وزیر داخلہ نے کہا کہ ممالک کے درمیان خیرسگالی اور مثبت روابط کو افغانستان خیرمقدم کرتا ہے۔ افغانستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور کسی ملک کے خلاف بدنیتی نہیں رکھتا۔
افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان سے علما اور مذہبی جماعتوں کے نمائندے کراچی میں جمع ہوئے اور حکومت کو مشورے دیے، جنہیں انہوں نے قابلِ احترام قرار دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کشیدگی کا شکار رہے ہیں، خاص طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کارروائیوں اور سرحد پار دہشت گردی کے الزامات کی وجہ سے۔ اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے مذاکرات کسی حتمی حل تک نہیں پہنچ سکے، جس سے سرحدی تجارت اور سفارتی روابط متاثر ہوئے۔














