یونان کے کوسٹ گارڈ نے 131 تارکین وطن کو کریٹ کے قریب سمندر سے بحفاظت نکال لیا۔
ایتھنز: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یونان کے کوسٹ گارڈ نے جزیرہ کریٹ کے قریب سمندر میں پھنسے 131 غیر قانونی تارکین وطن کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ ترجمان یونانی پولیس کے مطابق، حالیہ پانچ روز کے دوران سمندر سے نکالے جانے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد 840 ہو گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کی صبح ایک ماہی گیری کی کشتی سے تارکین وطن کو جزیرہ گاوڈوس کے جنوب میں تقریباً 14 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ریسکیو کیا گیا اور انہیں محفوظ طریقے سے گاوڈوس منتقل کر دیا گیا۔ تاہم ان کی قومیت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔
مشرقی بحیرہ روم کا یہ راستہ اب بھی انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے، جہاں تارکین وطن بڑی تعداد میں لیبیا سے یونان کے جزیرے کریٹ تک سمندری سفر کی کوشش کرتے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں کریٹ کے قریب ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق، رواں سال کے آغاز سے اب تک 16 ہزار 770 سے زائد تارکین وطن جزیرہ کریٹ پہنچ چکے ہیں۔














