فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ ان کا سب سے بڑا خوف یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کو محفوظ مستقبل میں دیکھنے سے پہلے دنیا سے نہ چلے جائیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا سب سے بڑا خوف یہ ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو زندگی میں سیٹل اور محفوظ مستقبل میں دیکھنے سے پہلے دنیا سے نہ چلے جائیں۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں فوشیا میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے بچوں کے مستقبل اور ان کی ذمہ داریوں پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کو ہمیشہ یہ تشویش لاحق رہتی ہے کہ کہیں وہ اپنے بچوں کو خود مختار اور محفوظ مستقبل میں دیکھنے سے پہلے ہی دنیا سے نہ چلے جائیں۔
انہوں نے پاکستان میں فنکاروں کے لیے حکومتی سطح پر عدم تحفظ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہمارے سینئر اداکاروں کو وفات کے بعد کیا ملا۔ فیصل قریشی نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے نیند تک قربان کر دیتے ہیں اور شوٹنگ کے بعد بھی انہیں اسکول چھوڑنے کا معمول نہیں چھوڑتے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کرتے ہیں، حتی کہ اگر کسی ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہوں تو انہیں سیٹ پر بلا لیتے ہیں۔ فیصل قریشی ان دنوں ایک مقبول ڈرامے میں کردار کامران کے ذریعے داد سمیٹ رہے ہیں۔















