اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان حماس کو غیر مسلح نہیں کرے گا، قیام امن کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان حماس کو غیر مسلح کرنے کے لیے نہیں جائے گا اور اس حوالے سے سول ملٹری قیادت میں وضاحت موجود ہے۔
صحافیوں کو بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان صرف قیام امن میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔ افغانستان سے ہزار علما کے فتوے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے اثرات دیکھنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یو این کے کنٹینرز کو انسانی بنیادوں پر افغانستان جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردی کا 98 فیصد خاتمہ کیا تھا، لیکن تیس چالیس ہزار دہشت گرد واپس آ کر دوبارہ دہشت گردی میں ملوث ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال بنانا ہے تو دہشت گردی سے جان چھڑانا ہوگی۔
انہوں نے برطانیہ کو دیے گئے ڈیمارش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ چار سال بعد برسلز میں اسٹریٹیجک ڈائیلاگ ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی صدر 60 سے زائد بار دنیا کو پاکستان کی فتح کا بتا چکے ہیں، امریکا کے ساتھ تجارت 13.28 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور ہمارا تجارتی سرپلس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا جا چکا ہے۔













