پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت کے لیے تین دن کی اجازت دی، سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں بسنت صرف تین دن کے لیے منائی جائے گی، جس کے دوران سخت حفاظتی اور قانونی ضوابط نافذ ہوں گے۔ حکومت نے پتنگ اور ڈور کی تیاری کے لیے مخصوص معیار مقرر کیے ہیں اور ان کی فروخت صرف مخصوص مقامات پر ہوگی۔ یہ اقدامات غیر قانونی سرگرمیوں اور خطرناک مواد کے استعمال کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک اور ٹرانسپورٹ محکموں سے مکمل منصوبہ طلب کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ان دنوں میں موٹر سائیکل کے استعمال کو کم کیا جائے اور بعض حساس علاقوں میں موٹر سائیکل کی مکمل پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ والدین کو بھی بچوں کی سرگرمیوں کی ذمہ داری لینی ہوگی، اور خلاف ورزی پر پانچ سال کی قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔













