خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں سہیل آفریدی کے قافلے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کیا گیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات شفیع جان نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات کو سیل کر دیا ہے اور سہیل آفریدی کے قافلے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہو چکا ہے۔
شفیع جان نے لاہور انٹرچینج پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے اور عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے سہیل آفریدی کے قافلے میں دانستہ رکاوٹیں ڈال رکھی ہیں اور سیاسی اسپیس ختم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے، جہاں وہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور خطاب کریں گے جبکہ لاہور میں قیام کے دوران صحافیوں، وکلاء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔













