وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست نے کبھی طاقت کا اندھا دھند استعمال نہیں کیا اور محدود کارروائی کو ریاستی آپریشن کہنا غلط ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست نے بلوچستان میں کبھی طاقت کا اندھا دھند استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ محدود اور ہدفی کارروائی کو ریاستی آپریشن کہنا غلط ہے۔ نوجوان قوم کا اصل سرمایہ ہیں اور انہیں درست تاریخی حقائق اور قومی بیانیے سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹے بیانیے پھیلا کر نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے پیدا کیے جا رہے ہیں، لیکن یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان بغیر تحقیق منفی بیانیے کی تقلید کرنے کے بجائے مثبت سوچ اپنائیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں 3200 سے زائد بند اسکول دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں اور بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت طلباء کو تعلیمی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بہتری کے لیے آخری لمحے تک کام کریں گے۔













