امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری میں آرکنساس کے ایک شہری نے 1.8 ارب ڈالر جیت لیے۔ یہ امریکی تاریخ کا دوسرا بڑا جیک پاٹ ہے۔
آرکنساس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا میں کرسمس کی رات پاوربال لاٹری میں ایک خوش نصیب شخص نے 1.8 ارب ڈالر (500 ارب روپے) کا تاریخی جیک پاٹ جیت لیا۔ یہ ٹکٹ امریکی ریاست آرکنساس میں فروخت ہوا تھا۔
پاوربال حکام کے مطابق جیتنے والے ٹکٹ نے تمام چھ نمبرز درست طور پر ملائے، جن میں 4، 25، 31، 52 اور 59 کے ساتھ ریڈ پاوربال نمبر 19 اور 2x پاور پلے ملٹی پلائر شامل تھا۔ جیک پاٹ کی مجموعی مالیت 1.817 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
یہ انعام امریکی تاریخ میں دوسرا سب سے بڑا لاٹری جیک پاٹ ہے جبکہ رواں سال پاوربال کا سب سے بڑا انعام بھی یہی ہے۔ پاوربال انتظامیہ کے مطابق یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ آرکنساس میں فروخت ہونے والے ٹکٹ نے پاوربال جیک پاٹ جیتا ہو، پہلی مرتبہ یہ کامیابی 2010 میں حاصل ہوئی تھی۔
جیتنے والے کو دو آپشنز دیے جائیں گے، جن میں 1.817 ارب ڈالر کی مکمل رقم قسطوں میں حاصل کرنا یا ایک ساتھ 834.9 ملین ڈالر کی رقم وصول کرنا شامل ہے۔ قسطوں کی صورت میں 29 سالانہ اقساط دی جائیں گی، جن میں ہر سال 5 فیصد اضافہ ہوگا۔
پاوربال لاٹری امریکا کی 45 ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز میں کھیلی جاتی ہے، جہاں ٹکٹ کی قیمت 2 ڈالر ہے۔














