اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا، جو نیوزی لینڈ جا رہے تھے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے چار مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران محمد عمران، میاں توصیف، سلطان افضل اور عبدالرحمان کو مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر روکا گیا، جن کے نیوزی لینڈ کے ورک ویزے جعلی نکلے۔
یہ چاروں مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز سے نیوزی لینڈ جانا چاہتے تھے، لیکن دستاویزات کی تصدیق پر ویزوں کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا اور انہیں آف لوڈ کر دیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار مسافروں کا تعلق اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سے ہے اور انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے کہا کہ جعلی ویزوں کے نیٹ ورک کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔















