قومی اسمبلی کمیٹی رپورٹ میں چینی ذخائر میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی

قومی اسمبلی کی کمیٹی نے چینی ذخائر میں بے ضابطگیاں نمایاں کیں، مصنوعی قلت اور ریکارڈ میں تضادات کا انکشاف ہوا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
قومی اسمبلی کمیٹی نے چینی ذخائر میں بے ضابطگیاں نمایاں کر دیں

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی ایک پارلیمانی کمیٹی نے چینی ذخائر کی رپورٹ میں خطرناک بے ضابطگیوں کاانکشاف کیا ہے،جس میں مقدار کی غلط رپورٹنگ، مصنوعی قلت پیدا کرنا اور سرکاری ریکارڈ میں تضاد شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی ذیلی کمیٹی نے بدھ کو چینی کے شعبے پر ایک رپورٹ جمع کروائی جس میں اصلاحات اور نگرانی کے عمل کو بہتر بنانے کی اہم سفارشات شامل ہیں۔

رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف خان نے چینی کے شعبے پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کے نتائج پر غور کرنے کے لیے اجلاس کی صدارت کی اور تجارتی خسارہ مینجمنٹ اور سرمایہ کاری کے رجحانات کا جائزہ لیا۔

کمیٹی کی رپورٹ میں کمزور نگرانی کا نظام، تصدیق میں کوتاہیاں، ٹریکنگ ٹیکنالوجی میں عارضی خلل اور قانونی و انتظامی رکاوٹوں کو بازار کی خرابیوں کے اہم عوامل کے طور پر نشان زد کیا گیا۔

ان نتائج کو وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو بھیج دیا گیا ہے، جسے ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر ایک ماہ کے اندر باضابطہ جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی نے مارکیٹ کی استحکام اور صارفین کے تحفظ کے لیے ساختی اصلاحات، مضبوط حکمرانی، شفافیت اور احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی مالیاتی ڈویژن اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے عوامی شعبے کی خریداری سے متعلق واجبات اور زیر التوا وصولیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرے گی۔

اراکین نے اداروں کے درمیان موثر رابطہ، معروضی فیصلہ سازی اور سخت نفاذ کو مستقبل کے بحرانوں کی روک تھام کے لیے اہم قرار دیا۔

قائمہ کمیٹی نے پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سکڑتی یا آپریشنز کے خاتمے کے حالیہ رجحان پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ وزارت نے زیادہ ٹیکس، مہنگائی اور کاروباری لاگت کو اہم عوامل قرار دیا۔

دیگر متعلقہ خبریں