انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ مینجمنٹ نے آئی ایم ایف کی مدد سے بدعنوانی کے خلاف منصوبہ پیش کیا ہے جس میں 32 شعبوں میں اصلاحات شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس (آئی سی ایم اے) نے بدعنوانی کے خاتمے اور معیشت کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کے تعاون سے ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس 52 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں حکومتی اصلاحات کے لیے 32 ترجیحی شعبوں میں عملی تجاویز دی گئی ہیں۔
آئی ایم ایف کی تشخیص کو قابل عمل منصوبے میں تبدیل کرتے ہوئے، آئی سی ایم اے نے ہر ادارے کے لیے مختصر، وسطی اور طویل مدتی اہداف مقرر کیے ہیں۔ بجٹ اور ریونیو لیکس کو روکنے کے لیے آزاد پارلیمانی بجٹ آفس قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ایف بی آر میں ریونیو انٹیلیجنس یونٹ اور ٹیکس اصلاحات یونٹ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ میں عدالتی تاخیر کو معیشت اور شہری حقوق کے لیے رکاوٹ قرار دیا گیا ہے اور کمرشل بینچز، ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ اور عدالتی کارکردگی کے ڈیٹا کی اشاعت کی سفارش کی گئی ہے۔ بدعنوانی کے خلاف نیشنل اینٹی کرپشن کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔















