متحدہ عرب امارات کے صدر کے دورے کے موقع پر کل اسلام آباد میں سرکاری تعطیل اور خصوصی ٹریفک پلان کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدر کل پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، جس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان نے بتایا کہ کل بروز جمعہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بند رہے گا اور اس کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ تعطیل کی وجہ سے تمام سرکاری شعبے اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ملتوی کر دیے گئے ہیں، جن کی نئی تاریخ بعد میں جاری کی جائے گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے باعث خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، شہر کے مختلف مقامات دن 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔ اس دوران ایکسپریس ہائی وے اور مری روڈ/کلب روڈ پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روات سے راولپنڈی پشاور روڈ کا استعمال کریں اور آئی جے پی روڈ و سرینگر ہائی وے سے ایکسپریس ہائی وے جانے کے لیے سروس روڈز استعمال کریں۔ مزید برآں، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت مختص کریں۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر موجود رہیں گے۔














