براڈوے کی مشہور اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ قاتلانہ حملے میں نیو جرسی میں ہلاک ہو گئیں۔ پولیس نے ان کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔
نیو جرسی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) براڈوے کی معروف اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ کو قاتلانہ حملے میں ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے ان کے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔
25 سالہ اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ کو ان کے رہائشگاہ پر چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح 9 بج کر 18 منٹ پر گروو ایونیو پر واقع ان کے گھر میں چاقو سے حملے کی اطلاع ملی۔ امانی کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئیں۔
پولیس نے 35 سالہ ملزم جارڈن ڈی جیکسن اسمال کو گرفتار کر لیا، جو امانی کے بوائے فرینڈ تھے۔ پراسیکیوٹر آفس کے مطابق یہ واقعہ اتفاقی نہیں تھا اور ملزم پر فرسٹ ڈگری قتل سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امانی کے پسماندگان میں ان کا 3 سالہ بیٹا، والدین اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ خاندان نے فنڈ ریزنگ مہم شروع کی ہے تاکہ تدفین و دیگر اخراجات پورے کیے جا سکیں۔














