وزیرداخلہ سندھ نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں بھتہ خور بچوں اور بے روزگاروں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں بھتہ خوروں نے نیا طریقہ واردات اپنایا ہے جس میں بچوں اور بے روزگاروں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
ضیا لنجار نے کہا کہ بھتہ خوری کے معاملات کو چھپایا نہیں جا رہا۔ کل ایک بھتہ خور گروپ پکڑا گیا ہے جو بچوں، بے روزگار اور جرائم پیشہ افراد کو ہائر کرتے ہیں تاکہ زیر تعمیر عمارتوں کی تصاویر بنوا کر معلومات جمع کرائیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2024 سے 2025 تک بھتہ خوری کے 172 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 76 کیسز حقیقی نکلے، جبکہ 73 کیسز حل کیے گئے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھتہ خوری میں ملوث 131 ملزمان میں سے 100 سے زائد کو گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان مارے گئے ہیں۔















