وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو سفارتی سطح پر شکست دی اور عالم اسلام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنے دنیا سے تعلقات پر غرور تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جنگی میدان اور سفارتی سطح پر شکست دی، اور دنیا میں بھارتی پروپیگنڈے کو ہرایا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عالم اسلام کو متحد ہو کر دشمن قوتوں کو شکست دینا ہوگا، ملک کی بہتری کے لیے ہم سب کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 2025 کی کامیابیوں کے بعد 2026 کی کامیابیوں میں داخل ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کو اچھی بات قرار دیا اور کہا کہ ملازمین کو تحفظ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کراچی این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک اور ٹریٹمنٹ پلانٹ فور کے منصوبے پر کام شروع ہونے کی تصدیق کی۔
اس سے قبل مراد علی شاہ نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کئے۔













