انڈونیشیا میں فحش مواد کی تیاری پر بونی بلیو کو گرفتار کرکے ملک بدر کردیا گیا، 10 سالہ سفری پابندی عائد۔
جکارتہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انڈونیشیا میں فحش مواد بنانے والی شخصیت ٹیا بلنگر المعروف بونی بلیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ملک بدر کردیا گیا ہے جبکہ ان پر 10 سال کے لیے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یہ پابندی ویزا شرائط کی خلاف ورزی پر عائد کی گئی، جب کہ بونی بلیو پر مقامی ثقافتی اقدار کے لیے نقصاندہ مواد کی تیاری کا الزام بھی تھا۔ انڈونیشیا کے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن یولدی یوسمان نے بتایا کہ بونی بلیو بالی میں حراست میں لی گئی تھیں۔
تفتیش کے دوران ان کے موبائل فون سے ملنے والی ویڈیوز کو نجی نوعیت کا قرار دیا گیا، جس کے باعث فحش مواد کی تیاری کے الزام میں فوجداری مقدمہ قائم نہیں کیا گیا۔ تاہم حکام نے واضح کیا کہ انہوں نے ویزہ آن آرائیول کے تحت ملک میں داخل ہو کر تجارتی مقاصد کے لیے مواد تیار کیا، جو امیگریشن قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بونی بلیو کو ڈیپاسار کی ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نے قوانین کی خلاف ورزی مشترکہ اور مسلسل طور پر کی۔ انڈونیشیا ایک مسلم اکثریتی ملک ہے جہاں اخلاقیات اور فحاشی سے متعلق قوانین سخت ہیں۔















