چکوال میں وراثتی زمین کے تنازع پر بہن بھائی کو قید کرنے والے ملزم کو 3 سال قید کی سزا اور 98 لاکھ روپے دیت کا حکم۔
چکوال: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چکوال کی عدالت نے وراثتی زمین کے تنازع پر بہن بھائی کو غیر قانونی طور پر قید کرنے والے ملزم عنصر عباس کو 3 سال قید بامشقت اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے ملزم کو جبین بی بی کی موت پر 98 لاکھ روپے دیت کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔
حسن رضا اور جبین بی بی کو چچا زاد عنصر عباس نے زمین ہتھیانے کے لیے قید کیا تھا، جس کے دوران جبین بی بی بھوک سے جاں بحق ہوگئی۔ بھائی حسن رضا نے اپنی بہن کی موت اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے۔
چکوال پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد مقدمے کا 8 ماہ تک ٹرائل کیا، جس میں 6 خواتین سمیت 9 افراد کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا۔ عنصر عباس کو عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔
مجرم عنصر عباس کو عدالت سے گرفتار کرکے ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کردیا گیا۔















