لاہور میں خاتون نے تین بیٹوں کے قتل پر آئی جی پنجاب اور سی سی ڈی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیشن عدالت لاہور میں ایک خاتون نے اپنے تین بیٹوں کے مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت پر آئی جی پنجاب اور سی سی ڈی سربراہ کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔
درخواست گزار زبیدہ بی بی نے وکیل آفتاب باجوہ کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سی سی ڈی نے ان کے تین بیٹے، داماد اور بھائی کو جعلی مقابلے میں قتل کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قتل کے مقدمات کی درخواست واپس نہ لینے پر پولیس کی جانب سے دباؤ اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
مزید کہا گیا کہ درخواست واپس نہ لینے پر مزید جعلی مقابلوں کی دھمکی دی جا رہی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی سی ڈی کو خوف و ہراس پھیلانے کی مبینہ ہدایات دی ہیں۔
عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ سے منسوب مبینہ ہدایات کا نوٹس لیا جائے اور پولیس کو ہراسانی سے روکنے اور درخواست گزار کو تحفظ دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔















