پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے، شفافیت اور قومی مفاد کو ترجیح دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں شفافیت اور قومی مفاد کو اولین ترجیح دی گئی۔
محمد علی نے وضاحت کی کہ اس سودے میں حکومت کے لیے سب سے مشکل کام بہتر قیمت حاصل کرنا تھا جبکہ نیا خریدار کمپنی میں سرمایہ کاری کرے۔ حکومت نے دو بنیادی اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانزیکشن کی سٹرکچرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت حکومت کو براہ راست 55 ارب روپے حاصل ہوں گے جبکہ کمپنی کے اثاثوں کی مالیت 45 ارب روپے ہے۔ مزید 125 ارب روپے پی آئی اے کی بہتری کے لیے کمپنی میں سرمایہ کاری کی صورت میں لگائے جائیں گے، یوں مجموعی طور پر پی آئی اے کی قدر 180 ارب روپے بنتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری شفاف انداز میں ہوئی اور یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر نجکاری کے عمل کو براہ راست دکھایا گیا۔















