کراچی میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں دن کے اوقات میں ڈمپروں اور دیگر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکام کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندی صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک لاگو رہے گی اور اس کا دورانیہ 2 ماہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کو سپرہائی وے سے نیوکراچی انڈسٹریل ایریا جانے کی اجازت ہوگی۔ مزید برآں، نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی، یونس چورنگی، داؤد چورنگی سے جام صادق برج تک ہیوی ٹریفک کی آمدورفت ممکن ہوگی۔
ناردن بائی پاس سے پراچہ چوک، سیمنز چورنگی، گلبائی، ماڑی پور سے کراچی پورٹ اور لنک روڈ کاٹھور سے سسی ٹول پلازہ تک بھی ہیوی ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت ہوگی۔













