ترکیہ میں طیارہ حادثے کے نتیجے میں لیبیا کے فوجی سربراہ جاں بحق ہوگئے، طیارے میں تکنیکی خرابی کے بعد حادثہ پیش آیا۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ میں انقرہ سے طرابلس کے لیے اڑان بھرنے والا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس میں لیبیا کے فوجی سربراہ بھی جاں بحق ہوگئے۔
ایسن بوغا ائیرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے پرواز کے بعد طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد طیارے کا رابطہ ائیر ٹریفک کنٹرولر سے منقطع ہوگیا، اور دوبارہ انقرہ کی جانب رخ موڑنے کی کوشش کے دوران طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔
طیارے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف سمیت پانچ افراد سوار تھے۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے آرمی چیف کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
لیبیا کے جنرل محمد علی الحداد نے ترکیہ کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ملاقات ترکیہ کے وزیر دفاع سے ہوئی۔ ترکیہ سے واپسی کے دوران ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔
ترکیہ نے حادثے کے بعد فضائی حدود عارضی طور پر بند کردی جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترک وزیر داخلہ کے مطابق طیارہ شام 8 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوا اور 8 بجکر 52 منٹ پر رابطہ منقطع ہوا۔














