خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستانی کارروائی کا بھارتی حملوں سے موازنہ غلط ہے، اقوام متحدہ نے بھارتی جارحیت کو غیر قانونی قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد کیمپوں پر کارروائی کا بھارت کے بہاولپور و مریدکے میں مساجد اور مدارس پر غیر قانونی حملوں سے موازنہ کرنا سراسر غلط اور غیر مناسب ہے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اقوامِ عالم اور اقوام متحدہ بھی افغان طالبان کے زیرِ سایہ افغانستان میں دہشت گردی سے خائف ہیں اور پاکستان میں آئے روز افغانستان سے دہشت گردوں کی آمد اس کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارت پہلگام پر آج تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکا جبکہ پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی ثابت کرتی ہے کہ بھارتی جارحیت غیر قانونی تھی اور پاکستان کا جواب مکمل جائز تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اس کے حامیوں کے شکوک و شبہات کو ہم نے پہلے بھی دور کیا تھا اور آج بھی کر رہے ہیں۔













