ڈنمارک نے بین الاقوامی کاروباری تقریبات کے لیے غیر ملکی کارکنوں کو 10 دن تک ورک پرمٹ سے استثنا فراہم کرنے کا نیا نظام متعارف کرایا ہے۔
کوپن ہیگن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈنمارک نے بین الاقوامی کاروباری تقریبات کے لیے غیر ملکی کارکنوں کو 10 دن تک ورک پرمٹ سے استثنا فراہم کرنے کا نیا نظام متعارف کرایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی کانفرنسز، تجارتی میلوں اور بڑی کاروباری تقریبات میں شریک اہم عملے کے لیے انتظامی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت وہ غیر ملکی شہری جو بیرون ملک قائم کسی کمپنی کے ملازم ہوں اور کسی بین الاقوامی کاروباری ایونٹ کی ٹیم کا حصہ ہوں، 10 دن تک بغیر ورک پرمٹ کام کر سکیں گے۔ ایونٹ مینیجرز، پلانرز، ٹیکنیشنز، کمیونیکیشن اسپیشلسٹس اور دیگر عملہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا۔
یہ استثنا صرف انڈور کاروباری تقریبات پر لاگو ہوگا جن میں کم از کم 400 رجسٹرڈ شرکا موجود ہوں اور جو عام عوام کے لیے اوپن نہ ہوں۔ اس میں ایونٹ سے پہلے تیاری، دورانِ انعقاد سرگرمیاں اور اختتام کے بعد کے انتظامی امور شامل ہیں۔
تاہم یہ سہولت عوامی میلوں، کنسرٹس، آؤٹ ڈور یا اوپن ایونٹس، فری لانسرز، مقامی طور پر بھرتی کیے گئے عملے یا غیر ضروری کرداروں پر لاگو نہیں ہوگی، جنہیں ڈنمارک کے موجودہ ورک ویزا قوانین کے تحت اجازت حاصل کرنا ہوگی۔














