ای سی سی نے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور حکومت اس سلسلے میں مزید تیزی لا رہی ہے۔ اسپیکٹرم کی نیلامی مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، جنہوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ساتھ مل کر اسپیکٹرم نیلامی کی تفصیلات تیار کیں۔ نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کا خیال رکھا گیا۔















