پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 2 فیصد کمی، زرمبادلہ میں کمی ریکارڈ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق، جولائی سے نومبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 6.416 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دو فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 6.523 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔
نومبر میں پیٹرولیم گروپ کی درآمدات کا حجم 1.266 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 10 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 1.408 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔
اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 8 فیصد کمی ہوئی۔ اکتوبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 1.375 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو نومبر میں کم ہو کر 1.266 ارب ڈالر ہوگیا۔
مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پاکستان کا کل درآمدی بل 28.40 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 24.99 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13.6 فیصد زیادہ ہے۔















