جان کیریرو نے گوگل، ایکس اے آئی اور اوپن اے آئی پر کاپی رائٹ خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا، ان کا دعویٰ کہ مصنفین کی کتابوں کو چیٹ بوٹس کی تربیت میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیویارک ٹائمز کے تحقیقی صحافی جان کیریرو نے گوگل، ایلون مسک کی ایکس اے آئی اور اوپن اے آئی کے خلاف کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ کمپنیاں مصنفین کی کاپی رائٹ شدہ کتابوں کو بغیر اجازت استعمال کر کے اپنے چیٹ بوٹس اور لارج لینگویج ماڈلز کو تربیت دے رہی ہیں۔
کریرو اور پانچ دیگر مصنفین کا کہنا ہے کہ یہ اے آئی کمپنیاں ‘کتابوں کی غیر قانونی نقول’ کے ذریعے لارج لینگویج ماڈلز کو تربیت دے رہی ہیں۔ یہ کیس خاص طور پر ایکس اے آئی کے خلاف پہلا مقدمہ ہے۔
مقدمہ میں کہا گیا کہ دیگر زیر التوا اے آئی کاپی رائٹ مقدمات کے برعکس، مصنفین کسی بڑے کلاس ایکشن کا حصہ نہیں بننا چاہتے، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ کلاس ایکشن میں متاثرین کے حقوق کم قیمت میں طے ہو جاتے ہیں۔
یہ مقدمہ اے آئی ٹریننگ میں کاپی رائٹ مواد کے استعمال پر عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تنازعات کا حصہ ہے۔ گزشتہ سال اینتھروپک کمپنی نے 1.5 بلین ڈالر کی ادائیگی کے ذریعے تصفیہ کیا، لیکن نئے مقدمے میں شکایت کی گئی کہ اس میں مصنفین کو فی کتاب صرف 2 فیصد معاوضہ ملا۔
مقدمہ فریڈمین نورمند فریڈلینڈ لاء فرم کے وکلاء نے دائر کیا، جس میں وکیل کائل روش بھی شامل ہیں۔ کیریرو نے عدالت کو بتایا کہ ‘کتابیں چوری کر کے اے آئی بنانا اینتھوپک کی اصل غلطی تھی’ اور موجودہ تصفیہ ناکافی ہے۔















