لاہور 2025 میں جرائم کی روک تھام میں ناکام رہا، پولیس کی کوششوں کے باوجود جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں جاری رہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور 2025 میں جرائم کی روک تھام میں ناکام رہا، جہاں پولیس کی کوششوں کے باوجود جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں جاری رہیں۔ شہر میں دو لاکھ 24 ہزار 700 مقدمات درج ہوئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد دو لاکھ 70 ہزار 460 تھی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جرائم کی نوعیت بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، چوری، اجتماعی زیادتی، قتل اور پولیس مقابلوں تک پھیلی ہوئی ہے۔ رواں سال بھتہ خوری کے 22، خواتین سے اجتماعی زیادتی کے 40، اغوا برائے تاوان کے 13، قتل کے 280 اور اقدام قتل کے 5 ہزار 577 مقدمات درج ہوئے۔
اغوا کے 8600 سے زائد واقعات، چوری کے 56 ہزار 138 مقدمات اور موبائل فون چھیننے کے 434 واقعات رپورٹ ہوئے۔ مویشی چوری کے 936، سائیکل چوری کے 200، نقب زنی کے 2 ہزار 823، گاڑی چوری کے 994 اور موٹرسائیکل چوری کے 9 ہزار 478 واقعات سامنے آئے۔
ڈکیتی کی 37 وارداتیں ہوئیں، جبکہ مزاحمت پر آٹھ افراد جان سے گئے۔ چھینا جھپٹی کے 3 ہزار 382 اور جیب تراشی کے 20 ہزار سے زائد واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ 2025 کے دوران 79 پولیس مقابلے ہوئے۔
پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھے ہیں، 96 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج ہوئے اور 10 ملزمان پولیس حراست سے فرار ہو گئے۔















