چترال میں کیلاش قبیلے کا چاموس تہوار کامیابی سے مکمل ہوا، مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے شرکت کی۔
چترال: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کیلاش قبیلے کا معروف مذہبی و ثقافتی تہوار چاموس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ تہوار کیلاش کی تینوں وادیوں رمبور، بریر اور بمبوریت میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
تہوار کے دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں جو کیلاش ثقافت کا اہم حصہ ہیں۔ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کیلاش ثقافت کو نزدیک سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔
فیسٹیول کے دوران ٹورازم پولیس نے سیاحوں کو سہولیات فراہم کیں جبکہ لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں کو جانے والے راستوں پر پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹیاں انجام دیں۔
چاموس تہوار کو موسمِ سرما کے استقبال، خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر محبت، اتحاد اور امن کا پیغام دینے کے لیے پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے گئے۔
کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی سیاحوں کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منایا جا سکے۔















