جے آئی ٹی نے جاوید بٹ قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے امیر معصب اور امیر فتح کو قصوروار قرار دے دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جاوید بٹ قتل کیس کی تحقیقات میں جے آئی ٹی نے اہم پیش رفت کی ہے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے امیر معصب اور امیر فتح کو قتل کا قصوروار قرار دے دیا ہے۔
جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق جاوید بٹ کے قتل کی منصوبہ بندی امیر معصب نے امیر فتح کے ساتھ مل کر کی تھی۔ ان کے مطابق امیر معصب کے شوٹرز کو ٹاسک دیتے وقت امیر فتح موقع پر موجود تھا۔
تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مقدمے کا ایک ملزم عارف بھٹی تاحال مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے، جبکہ امیر فتح نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
جاوید بٹ قتل کیس کی جے آئی ٹی ایس پی صدر انویسٹی گیشن میاں معظم کی سربراہی میں بنائی گئی ہے، جس میں ڈی ایس پی اچھرہ قمر عباس اور انویسٹی گیشن رائیونڈ کے شاہزیب بھی شامل ہیں۔















