وفاقی حکومت نے سائبر خطرات کے جائزے اور قومی سلامتی کو محفوظ بنانے کے لیے نیشنل کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے قومی سلامتی کو لاحق سائبر خطرات کے جائزے اور اداروں کی سائبر سکیورٹی نظام کو بہتر بنانے کے لیے نیشنل کمیٹی برائے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سیکیورٹی تشکیل دی ہے۔
نیشنل کمیٹی سرکاری انفارمیشن سسٹمز کی سکیورٹی کا جائزہ لے گی اور وزارتوں و اداروں کے آئی ٹی سسٹمز میں سائبر کمزوریوں کی نشاندہی کرے گی۔ کمیٹی انفارمیشن سیکیورٹی کے گیپ اسسمنٹ کرے گی اور سائبر خطرات کم کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات تجویز کرے گی۔
یہ کمیٹی قومی سائبر سکیورٹی فریم ورک کو مؤثر بنانے کی سفارشات تیار کرے گی اور سرکاری اداروں میں انفارمیشن سیکیورٹی کے عملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔ صحت، توانائی، ایوی ایشن اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کا بھی سائبر جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی سرکاری آئی ٹی نظام میں تکنیکی کنٹرولز بہتر بنانے کی سفارشات دے گی اور سائبر سکیورٹی سے متعلق انسانی وسائل کی ازسرِنو تشکیل کرے گی۔ سائبر اور آئی ٹی سسٹمز کی خریداری میں سیکیورٹی پہلو بھی شامل ہوں گے۔ نیشنل کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کریں گے۔















