وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی وی میں مافیا کے خلاف لڑنے کا عزم ظاہر کیا اوربتایا کہ ماضی میں مالی تک کو پروڈیوسر لگا دیا گیا۔مافیا پر ہاتھ ڈالنے پر انہیں کالز موصول ہوتی ہیں اور ماضی میں وزیر کی مرضی کے مطابق اینکرز لگتے تھے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کی صدارت پولین بلوچ نے کی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شرکت کی۔ کمیٹی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔
وزیر اطلاعات نے اجلاس میں کہا کہ گمنام اکاؤنٹس سے ان کے خلاف ٹویٹس کروائی جاتی ہیں اور وہ پی ٹی وی میں موجود مافیا کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی وی میں سیاسی بھرتیاں ہوئیں جبکہ ان کے آنے کے بعد میرٹ پر بھرتیاں کی گئی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی وی میں مافیا پر ہاتھ ڈالنے پر انہیں کالز موصول ہوتی ہیں اور ماضی میں وزیر کی مرضی کے مطابق اینکرز لگتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی وی کو دنیا کے بڑے اداروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔جب تک اللہ کی مرضی ہے مافیا کے خلاف لڑتے رہیں گے ۔کسی نے اپنی بیگم اور رشتہ داروں کو پی ٹی وی بھرتی کیا ہوا ہے ۔
کمیٹی اجلاس میں میڈیا ہاؤسز کے ڈرائیورز اور ٹیکنیشنز کی کم اجرت پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیر اطلاعات نے کہا کہ گورنمنٹ اشتہارات کا فائدہ ملازمین تک نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی وی کے ملازمین کو تنخواہیں پی ٹی وی سے دی جاتی تھیں اور اب وہ عدالت میں چلے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ اراکین کمیٹی پی ٹی وی کا دورہ کریں تاکہ ادارے کی موجودہ حالت کا جائزہ لے سکیں۔

![وزیر اطلاعات کا پی ٹی وی مافیا کے خلاف لڑنے کا عزم [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/14145_2025-12-22_10-03-14.webp)












