سام سنگ نے اپنا پہلا تین تہوں والا فولڈ ایبل فون ‘گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ’ متحدہ عرب امارات میں لانچ کر دیا ہے، جس کی پاکستان میں قیمت تقریباً 6 لاکھ 92 ہزار روپے ہوگی۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی کوریا کی مشہور کمپنی سام سنگ نے اپنا پہلا تین تہوں والا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ‘گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ’ متحدہ عرب امارات میں باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔ یو اے ای ان پانچ ممالک میں شامل ہے جہاں یہ ڈیوائس سب سے پہلے متعارف کرائی گئی ہے۔
سام سنگ کے مطابق، یہ فون اپنی نوعیت کا پہلا ٹرائی فولڈنگ ڈیزائن رکھتا ہے جو ضرورت پڑنے پر ایک عام اسمارٹ فون سے 10 انچ کے بڑے ٹیبلٹ نما ڈسپلے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اس میں اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ پراسیسر، 200 میگا پکسل کیمرہ اور جدید ‘گلیکسی اے آئی’ فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو دفتری اور تخلیقی کاموں کو آسان بناتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق، اس فون کی فروخت 19 دسمبر سے یو اے ای بھر کے اسٹورز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان میں ‘گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ’ کی قیمت تقریباً 6 لاکھ 92 ہزار روپے سے شروع ہونے کی توقع ہے اور جلد ہی یہ پاکستانی صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔















